جمعہ 31 جولائی 2026 - 21:35
دنیا پرستی انسان کو مقصد تخلیق سے دور کر دیتی ہے، ایمان و آخرت کی فکر ہی نجات کا راستہ ہے: آغا سید حسن موسوی الصفوی

حوزہ/ صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی نے آج مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی انفرادی اور اجتماعی گمراہی کی بنیادی وجہ آخرت سے غفلت اور دنیا کی بے جا محبت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی نے آج مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی انفرادی اور اجتماعی گمراہی کی بنیادی وجہ آخرت سے غفلت اور دنیا کی بے جا محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید بار بار انسان کو قیامت، حساب و کتاب اور ابدی زندگی کی یاد دلاتا ہے، مگر افسوس کہ دنیا کی عارضی آسائشوں نے انسان کو اس کے حقیقی مقصد حیات سے غافل کر دیا ہے۔

انہوں نے قرآن کریم کی متعدد آیات کی روشنی میں واضح کیا کہ دنیا بذات خود مذموم نہیں بلکہ دنیا پرستی وہ خطرناک بیماری ہے جو انسان کو حق، عدل اور خدا کی اطاعت سے دور کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان کی تمام ترجیحات دنیاوی مفادات کے گرد گھومنے لگیں تو وہ اپنی تخلیق کے مقصد، یعنی بندگی الٰہی، کو فراموش کر بیٹھتا ہے اور یہی طرز فکر معاشرتی، اخلاقی اور روحانی زوال کا سبب بنتا ہے۔

آغا سید حسن موسوی الصفوی نے واقعۂ کربلا کو دنیا پرستی اور حق پرستی کے درمیان فیصلہ کن معرکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے اپنی عظیم قربانی کے ذریعے انسانیت کو یہ پیغام دیا کہ ایمان، حق اور دین کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دی جا سکتی ہے، لیکن دنیاوی منفعت کی خاطر حق کا سودا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کربلا کے کردار اس حقیقت کے آئینہ دار ہیں کہ دنیا کی محبت انسان کو باطل کا آلہ کار بنا دیتی ہے، جبکہ آخرت پر یقین اور خدا پر توکل انسان کو عزت، استقامت اور ابدی کامیابی عطا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مومن کی حقیقی شناخت یہ ہے کہ وہ ہر عمل سے قبل روز جزا کو پیش نظر رکھے، اپنے اعمال کا محاسبہ کرے اور اپنی زندگی کو قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے مطابق استوار کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے میں دینی معرفت، تقویٰ، اخلاق حسنہ اور سیرت اہل بیت علیہم السلام کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ نئی نسل دنیا پرستی، مادہ پرستی اور فکری انحراف سے محفوظ رہ سکے۔

صدر انجمن شرعی شیعیان نے کہا کہ انسان کی اصل کامیابی مال و دولت یا دنیاوی اقتدار میں نہیں بلکہ ایمان، عمل صالح، حق کی نصرت اور صبر و استقامت میں مضمر ہے۔ انہوں نے سورۂ العصر کی روشنی میں اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ خسارے سے نجات صرف انہی لوگوں کو حاصل ہوتی ہے جو ایمان لاتے ہیں، نیک اعمال انجام دیتے ہیں، حق کی تلقین کرتے ہیں اور صبر کی تلقین کرتے ہیں۔

خطبۂ جمعہ کے اختتام پر آغا سید حسن موسوی الصفوی نے عالم اسلام، بالخصوص ایران، لبنان، فلسطین، غزہ، یمن اور عراق کے مظلوم عوام، مجاہدین اسلام اور دینی مراکز و مراجع عظام کی سلامتی، عزت اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ انہوں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد، اخوت اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایمان، بصیرت اور وحدت ہی امت کی طاقت اور کامیابی کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام اہل ایمان کو دنیا پرستی سے محفوظ رکھے، ایمان و تقویٰ میں استقامت عطا فرمائے، قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کی توفیق نصیب کرے اور پوری انسانیت کو امن، عدل اور ہدایت کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha